وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری
اسلام آباد — شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں وزیرِ اعظم مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کابینہ کو حالیہ سفارتی پیش رفت اور خطے میں امن و استحکام کے امکانات سے آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لبنان سمیت مختلف خطوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس پیش رفت کو خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اسے دانشمندی اور دور اندیشی کا مظہر کہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے، جہاں تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے غیر معمولی فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے، اور انہیں امید ہے کہ اسلام آباد مذاکرات پائیدار امن کے قیام میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔