پاکستان اور سعودی عرب کا لبنان میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، جنگ بندی کے احترام پر زور
پاکستان اور سعودی عرب کا لبنان میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، جنگ بندی کے احترام پر زور
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی حملوں سے ہونے والے جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کی تباہی کی شدید مذمت کرتا ہے اور لبنانی حکومت و عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان نے لبنانی آزادی، علاقائی خود مختاری اور امن و استحکام کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
اسی حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، اور دونوں رہنماؤں نے دیرپا امن کے لیے جنگ بندی کے مکمل احترام و نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی امن کوششوں کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔