اسلام آباد آمد کے موقع پر ایرانی وفد کا جذباتی منظر، شہید بچوں کی تصاویر طیارے میں رکھ کر روانگی
اسلام آباد آمد کے موقع پر ایرانی وفد کا جذباتی منظر، شہید بچوں کی تصاویر طیارے میں رکھ کر روانگی
اسلام آباد: ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر ایک جذباتی اور دلدوز منظر سامنے آیا ہے، جس نے مذاکراتی ماحول کو انسانی پہلو سے بھی نمایاں کر دیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے پاکستان کے لیے روانگی کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ “طیارے میں یہ میرے احباب ہیں”۔
رپورٹس کے مطابق اس خصوصی پرواز میں نشستوں پر بچوں کی تصاویر رکھی گئی تھیں، جنہیں ایران کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے بچوں سے منسوب کیا گیا ہے۔ تصاویر کے ساتھ اسکول بیگز اور جوتے بھی رکھے گئے تھے، جو ایک علامتی احتجاج اور یادگار کے طور پر دکھائے گئے۔
ذرائع کے مطابق اس پرواز کو “مناب 168” کا نام دیا گیا، جو مبینہ طور پر ایک ایسے واقعے کی یاد دہانی ہے جس میں جنگ کے دوران ایک اسکول پر حملے کے نتیجے میں درجنوں معصوم جانوں کے ضیاع کا ذکر کیا جاتا ہے۔
ایرانی وفد کا مؤقف ہے کہ ان تصاویر اور اشیاء کو ساتھ لانے کا مقصد عالمی برادری کو جنگ کے انسانی نقصانات اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات سے قبل اس انسانی پہلو کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایران کا اعلیٰ سطحی وفد ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی اور حساس صورتحال کے باعث یہ مذاکرات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔