بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز، بیرسٹر گوہر متحرک
بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز، بیرسٹر گوہر متحرک
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں اور اس سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے اعتماد سازی کے لیے بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور جیل میں قید پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بانی کی فیملی کو مذاکرات اور لچک دکھانے پر آمادہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے جیل کے باہر متنازع گفتگو سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کی فیملی بھی ان سے متعلق سوشل میڈیا پر بیانات جاری نہیں کرے گی۔ پارٹی قیادت نے بھی اس معاملے پر کسی متنازع پریس کانفرنس سے گریز کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بشریٰ بی بی کی رہائی قانونی طریقہ کار کے تحت عمل میں لائی جائے گی، جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں کی اپیلوں پر جلد سماعت متوقع ہے۔یاد رہے کہ بیرسٹر گوہر نے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی کے اسیر رہنماؤں سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے بانی کی بہن نورین نیازی سے بھی طویل ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے بیرسٹر گوہر، محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ انہیں اعتماد میں لیا جا سکے۔