اہداف طے کریں تو کامیابی ممکن، اسلام آباد کے خلاف کم بیک کریں گے: صاحبزادہ فرحان
اہداف طے کریں تو کامیابی ممکن، اسلام آباد کے خلاف کم بیک کریں گے: صاحبزادہ فرحان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ اگر کھلاڑی اپنے لیے واضح اہداف مقرر کریں تو کامیابی حاصل کرنا ممکن ہو جاتا ہے، تاہم بہتری کی گنجائش ہمیشہ باقی رہتی ہے۔
ملتان سلطانز کے بیٹر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ تھا کہ اپنے اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانا ہے، جس پر انہوں نے خاص محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ محنت انسان کو آگے لے جاتی ہے اور مخالف ٹیم کو بھی کریڈٹ دینا چاہیے۔ فرحان کے مطابق جس طرح اسٹیو اسمتھ کھیل رہے تھے اس سے بڑے اسکور کی امید تھی، اور ان کے ساتھ بیٹنگ کرنا خوشگوار تجربہ رہا۔
صاحبزادہ فرحان نے بتایا کہ وہ پاور ہٹنگ بہتر بنانے کے لیے گراؤنڈ میں میچ کی صورتحال کے مطابق پریکٹس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہوتا ہے اور صرف بولرز کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیم اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بھرپور کم بیک کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں اور گزشتہ سال پاکستان سپر لیگ ان کے لیے کم بیک کا ذریعہ بنی۔
فرحان نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کے فوراً بعد وہ ریڈ بال کرکٹ میں گریڈ ٹو کھیلیں گے تاکہ ون ڈے کرکٹ کی تیاری بہتر ہو سکے، جبکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلیں۔ انہوں نے شائقین کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی میچز میں کراؤڈ کی کمی محسوس ہوئی، تاہم اب اس کی کچھ حد تک عادت ہو گئی ہے، اگر تماشائی زیادہ ہوتے تو ماحول مزید بہتر ہوتا۔