پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری، 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری، 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان سے حج پروازوں کے ذریعے عازمین کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں ہزاروں عازمین فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس پہنچ رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک 126 پروازوں کے ذریعے 32 ہزار 454 عازمین سرکاری اسکیم کے تحت سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار 489 پرائیویٹ عازمین بھی وہاں پہنچ چکے ہیں۔
مزید برآں 4 مئی سے جدہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے، اور آج ملک کے مختلف شہروں سے 17 پروازوں کے ذریعے مزید 4 ہزار 377 عازمین کو روانہ کیا جائے گا۔
پاکستان حج مشن کے مین کنٹرول آفس کے تحت عازمین کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے 6 عازمین، 37 ویل چیئرز اور 3700 بیگز تلاش کر کے ان کے مالکان تک پہنچائے، جبکہ حرم گائیڈز نے 13 ہزار سے زائد عازمین کی رہنمائی کی۔
حج میڈیکل مشن بھی عازمین کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جن میں 132 ڈینٹل پروسیجرز، 28 ایکسرے، 18 لیب ٹیسٹ، 8 الٹراساؤنڈ، 5 ای سی جی اور 5 ہزار او پی ڈی خدمات شامل ہیں۔