آبنائے ہرمز کشیدگی: فوجی حل ممکن نہیں، سفارتکاری ہی واحد راستہ ہے، عباس عراقچی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں حالیہ کشیدگی نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی سیاسی بحران کا حل فوجی طاقت کے ذریعے ممکن نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی کوششوں کے باعث ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، اور اس ضمن میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے ایسے عناصر سے محتاط رہنا چاہیے جو اسے دوبارہ کسی بڑے تنازع میں دھکیل سکتے ہیں۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر خطے کے دیگر ممالک کا ذکر کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر اثرانداز ہو رہی ہے، جس کے باعث خطے میں سفارتی کوششوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔