امریکا کا یورپی گاڑیوں پر 25٪ ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ، جرمن کمپنیوں پر بڑا اثر متوقع
امریکا کا یورپی گاڑیوں پر 25٪ ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ، جرمن کمپنیوں پر بڑا اثر متوقع
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا نے یورپی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے گزشتہ سال طے پانے والا 15 فیصد ٹیرف معاہدہ عملاً ختم ہو جائے گا۔
امریکی حکام کے مطابق یورپ نے سابقہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا، جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ یورپ پر دباؤ ڈالنے کی حکمتِ عملی کا حصہ بھی ہو سکتا ہے، تاہم حالیہ عدالتی فیصلوں کے بعد امریکی حکومت کے اختیارات کچھ حد تک محدود ہو چکے ہیں۔
اس اقدام سے خاص طور پر جرمنی کی بڑی کار ساز کمپنیوں کو شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ امریکی منڈی ان کے لیے نہایت اہم ہے۔ مہنگی اور لگژری گاڑیاں زیادہ متاثر ہوں گی، جو براہِ راست یورپ سے درآمد کی جاتی ہیں۔
اگرچہ بعض یورپی کمپنیاں پہلے ہی امریکا میں اپنی پیداوار قائم کر چکی ہیں، تاہم کئی اہم ماڈلز اب بھی یورپ میں تیار ہوتے ہیں، جس سے نئی پالیسی کے تحت لاگت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ مالی نقصان سے بچنے کیلئے کچھ کمپنیوں نے امریکا میں اپنی پیداوار بڑھانے پر غور شروع کر دیا ہے، تاکہ اضافی ٹیرف کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔