آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی، گردشی قرض ختم کرنے کا پلان تیار

0
آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی، گردشی قرض ختم کرنے کا پلان تیار

آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی، گردشی قرض ختم کرنے کا پلان تیار

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ International Monetary Fund کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کے علاوہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ توانائی شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضے میں کمی کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان جاری بجٹ مذاکرات میں توانائی شعبے کی کارکردگی، سبسڈی، گردشی قرض اور مالی اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ National Electric Power Regulatory Authority کی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹس اور ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹس بروقت نافذ کیے جاتے رہیں گے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ حکومت عالمی توانائی قیمتوں کا مکمل بوجھ صارفین تک منتقل کرنے کی پالیسی جاری رکھے گی، جبکہ کم آمدن طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی برقرار رکھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول، بجلی اور گیس ٹیرف میں ردوبدل کے ذریعے لاگت کی مکمل وصولی جاری ہے۔ حکومت آئی پی پیز کے بقایاجات اور جرمانوں سے متعلق تصفیے کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے، جبکہ ملک میں مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام پر بھی پیشرفت جاری ہے۔

حکام نے آئی ایم ایف کو بتایا کہ توانائی اصلاحات سے بجلی کے نظام کی کارکردگی بہتر ہوگی اور نقصانات میں کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ حکومت نے آڈٹ شدہ گیس گردشی قرضے کا جامع ڈیٹا بھی تیار کر لیا ہے اور سہ ماہی بنیادوں پر اسے عوام کے سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق جنوری 2027 سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ مکمل طور پر نافذ العمل رہے گا، جبکہ مالی سال 2027 میں بجلی سبسڈی کو زیادہ سے زیادہ 830 ارب روپے تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو جی ڈی پی کے 0.6 فیصد کے برابر ہوگا۔

یہ سبسڈی ڈسکوز، K-Electric، فاٹا بقایاجات، زرعی ٹیوب ویلز اور سرکلر ڈیٹ ادائیگیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مالی سال 2031 تک بجلی شعبے کا گردشی قرض مکمل ختم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جبکہ آئیسکو، گیپکو اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری 2027 کے آغاز تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے