کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت، عدالت کا کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

0
کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت، عدالت کا کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت، عدالت کا کے الیکٹرک کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک) سینئر سول جج سٹی کورٹ نے بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے کیس میں K-Electric کو متاثرہ خاندان کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری شیخ سعد 2019 میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔ علاقہ مکینوں نے بجلی کے پول میں کرنٹ کی موجودگی کی شکایت کی تھی، تاہم کے الیکٹرک نے بروقت کارروائی نہیں کی۔ وکیل کے مطابق کمپنی بجلی کے نظام اور تنصیبات کی مناسب دیکھ بھال میں ناکام رہی۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ پول کمپنی کی ملکیت نہیں تھا اور کرنٹ نجی جنریٹر کی تاروں سے منتقل ہوا۔ وکیل کے مطابق کے الیکٹرک کی تنصیبات مکمل طور پر محفوظ تھیں جبکہ متوفی شہری نے خطرناک مقام کے قریب جا کر اپنی جان خطرے میں ڈالی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بجلی فراہم کرنے والے ادارے پر عوام کے تحفظ کی غیر معمولی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ عدالت کے مطابق اگر کھمبے پر دیگر اداروں کی تاریں موجود تھیں تو بھی کے الیکٹرک اپنی ذمے داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عوامی مقام پر نصب پول میں کرنٹ ہونا بذات خود غفلت کا ثبوت ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ متوفی کی جانب سے بچے کو بچانے کی کوشش کو مکمل غفلت نہیں کہا جا سکتا کیونکہ انسانی جان بچانے کی کوشش کو قانون نرم نظر سے دیکھتا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ کے الیکٹرک 90 روز کے اندر دعویٰ کنندگان کو ہرجانے کی رقم ادا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے