کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شٹل ٹرین پر خوفناک دھماکا، ایف سی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید، متعدد زخمی

0
کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شٹل ٹرین پر خوفناک دھماکا، ایف سی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید، متعدد زخمی

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شٹل ٹرین پر خوفناک دھماکا، ایف سی اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید، متعدد زخمی

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب شٹل ٹرین کے گزرتے وقت ہونے والے شدید دھماکے میں ایف سی کے 3 اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز شہر بھر میں سنی گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ کینٹ سے آنے والی شٹل ٹرین دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں انجن سمیت تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق پھاٹک کے قریب پہلے سے موجود ایک مشکوک گاڑی ٹرین کے قریب پہنچتے ہی دھماکے سے پھٹ گئی، جس سے ٹرین کے انجن کو شدید نقصان پہنچا۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ شہداء میں ایف سی کے 3 جوان بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین میں سوار مسافر عید کی تعطیلات منانے اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی جسے فائر بریگیڈ نے قابو میں لیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے ریلیف ٹرین بھی روانہ کر دی گئی۔

وفاقی و صوبائی قیادت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے