لبیک اللھم لبیک ، لاکھوں فرزندان اسلام آج فریضہ حج ادا کریں گے
لبیک اللھم لبیک ، لاکھوں فرزندان اسلام آج فریضہ حج ادا کریں گے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان آج مناسکِ حج کا سب سے بڑا رکن "وقوفِ عرفہ” ادا کرنے کے لیے میدانِ عرفات کا رخ کر رہے ہیں۔ فضا "لبیک اللّٰہم لبیک” کی ایمان افروز صداؤں سے گونج رہی ہے اور عازمینِ حج کے بڑے قافلے میدانِ عرفات کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل، حجاج کرام مکہ مکرمہ سے قافلوں کی صورت میں حج کے پہلے پڑاؤ یعنی منیٰ پہنچے تھے۔ منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام کے دوران حجاج نے نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کیں۔ عازمین نے اپنا زیادہ تر وقت استغفار، ذکر و اذکار، تلاوتِ قرآن پاک اور خشوع و خضوع کے ساتھ عبادات میں گزارا۔
شدید گرمی اور حفاظتی انتظامات: مکہ مکرمہ اور گردونواح میں شدید گرمی کے پیشِ نظر سعودی انتظامیہ کی جانب سے حجاج کرام کو لو اور حدت سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی اہلکار مختلف راستوں پر حجاج پر پانی کا چھڑکاؤ کرتے رہے، جبکہ پوری خیمہ بستی اور گزرگاہوں پر ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور طبی سہولیات کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عازمینِ حج پُرامن اور محفوظ ماحول میں اپنے مناسک ادا کر سکیں۔