محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، لاہور اور کراچی میں بارش کا امکان، اسلام آباد میں گرمی برقرار
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، لاہور اور کراچی میں بارش کا امکان، اسلام آباد میں گرمی برقرار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں کے لیے موسم کی تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے لاہور اور کراچی میں بارش کے امکانات ظاہر کیے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہے گا، 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہوگا۔
کراچی میں بھی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 اور موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ دوپہر کے اوقات میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔