امریکا نے ایران کے 13 کروڑ ڈالر سے زائد ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے
امریکا نے ایران کے 13 کروڑ ڈالر سے زائد ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
واشنگٹن: امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے مرکزی بینک سے منسلک 13 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے ڈیجیٹل اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام ایران کی مبینہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل اثاثوں کے ذریعے فنڈز کی منتقلی روکنے کی وسیع مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی محکمۂ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (او ایف اے سی) نے ایران کے مرکزی بینک سے منسلک متعدد کرپٹو والیٹس پر پابندیاں عائد کی ہیں، جس کے نتیجے میں 13 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کر دیے گئے۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق امریکی محکمۂ خزانہ ایران کے مالیاتی ذرائع کو مسلسل نشانہ بناتا رہے گا تاکہ ایرانی حکومت کو مبینہ غیر قانونی آمدنی سے حاصل ہونے والے وسائل تک رسائی سے محروم رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا غیر قانونی رقوم کا سراغ لگانے اور ان کے استعمال کو روکنے کے لیے جارحانہ اقدامات جاری رکھے گا۔
امریکی حکام کے مطابق یہ پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی گئی ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ ایران پر سفارتی، عسکری اور معاشی دباؤ میں مزید اضافہ کر رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل اثاثے امریکی پابندیوں کے نفاذ میں ایک اہم ہدف بن چکے ہیں۔
واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف حالیہ اقدامات کے سلسلے میں متعدد افراد، اداروں اور بحری جہازوں پر بھی نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ایران پر اقتصادی دباؤ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔