آئی ایم ایف کی پیش گوئی: پاکستان کی معاشی نمو ہدف سے کم، 2026 میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ
آئی ایم ایف کی پیش گوئی: پاکستان کی معاشی نمو ہدف سے کم، 2026 میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال بھی معاشی ترقی کی رفتار حکومتی ہدف سے کم رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ موجودہ مالی سال میں 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ حکومت نے 4 فیصد کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ آئی ایم ایف نے اپریل میں جاری کی گئی اپنی سابقہ پیش گوئی میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ 2026 میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد رہ سکتی ہے، جبکہ جنگی حالات کے باعث تیل اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور عالمی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ بھی برقرار ہے۔
رپورٹ میں حکومتوں کو معاشی اصلاحات تیز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2026 میں عالمی معاشی ترقی کی شرح 3 فیصد رہنے اور 2027 میں بڑھ کر 3.4 فیصد ہونے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی عالمی معیشت کے لیے خطرہ ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کئی ممالک کی معیشت کو سہارا دے سکتی ہے۔