ورلڈ کپ فائنل میں شکست پر میسی آبدیدہ، اسپین کی تاریخی فتح پر جشن
ورلڈ کپ فائنل میں شکست پر میسی آبدیدہ، اسپین کی تاریخی فتح پر جشن
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑی میدان میں ہی غم سے نڈھال ہو گئے جبکہ لیونل میسی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔
میچ کے 106ویں منٹ میں فیران ٹوریس نے فیصلہ کن گول کر کے ارجنٹینا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ آخری سیٹی بجتے ہی ایک جانب اسپین کی ٹیم اور شائقین جشن میں ڈوب گئے جبکہ دوسری جانب ارجنٹینا کے کھلاڑی مایوسی اور غم کا شکار نظر آئے۔
لیونل میسی سر جھکائے میدان میں کھڑے رہے اور ان کے ساتھی کھلاڑی انہیں دلاسہ دیتے رہے۔ اس موقع پر اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال بھی آگے بڑھے، میسی سے گلے ملے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا مقررہ 90 منٹ میں ہدف پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکا اور مجموعی طور پر صرف تین حملے کیے، جبکہ اسپین نے مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے 20 حملے کیے اور بالآخر اضافی وقت میں کامیابی اپنے نام کر لی۔
امریکی صدر کی اسپین کو مبارکباد
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر اسپین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسپین کے وزیراعظم سے رابطہ کر کے کامیابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا ورلڈ کپ ایک شاندار ایونٹ ثابت ہوا، دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا، تاہم فتح کی حقدار اسپین تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں ارجنٹینا کی شکست پر افسوس نہیں ہوا۔