مداح کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، شاہد آفریدی ایک بار پھر تنقید کی زد میں
مداح کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، شاہد آفریدی ایک بار پھر تنقید کی زد میں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں، جہاں ان کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں وہ سیکیورٹی حصار میں ہجوم کے درمیان سے گزرتے ہوئے ایک مداح کو اپنے قریب آنے پر ہاتھ سے پیچھے دھکیلتے دکھائی دیتے ہیں۔
وائرل ویڈیو کے مطابق ایک نوجوان مداح نے شاہد آفریدی کے قریب آنے کی کوشش کی، جس پر آفریدی نے اسے پیچھے کر دیا۔ واقعے کی مختصر ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کئی صارفین نے شاہد آفریدی کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں مداح کے ساتھ زیادہ نرم رویہ اپنانا چاہیے تھا، جبکہ بعض افراد نے ان سے معذرت کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو مکمل واقعہ نہیں دکھاتی، اس لیے تمام حقائق سامنے آنے سے پہلے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں ہوگا۔
شاہد آفریدی کی جانب سے تاحال اس وائرل ویڈیو یا سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔