ہاکی ورلڈ کپ 2026: زعفرانی جرسی پر تنازع، ہاکی انڈیا نے وضاحت جاری کر دی
ہاکی ورلڈ کپ 2026: زعفرانی جرسی پر تنازع، ہاکی انڈیا نے وضاحت جاری کر دی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ہاکی انڈیا نے مردوں اور خواتین کی قومی ٹیموں کی روایتی نیلی جرسی تبدیل کر کے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے زعفرانی رنگ اختیار کرنے کے فیصلے پر اٹھنے والے تنازع کے بعد اپنی وضاحت جاری کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہاکی انڈیا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملے سے مشاورت کے بعد تکنیکی بنیادوں پر کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں استعمال ہونے والی نیلی مصنوعی ہاکی ٹرف پر نیلی جرسی واضح نظر نہیں آتی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی شناخت اور کھیل کے دوران منظر کی وضاحت میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
ہاکی انڈیا کے مطابق متبادل رنگوں میں پیلا اور زعفرانی رنگ زیر غور تھے، تاہم زعفرانی رنگ کو اس لیے منتخب کیا گیا کیونکہ یہ بھارت کے قومی پرچم کا حصہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 2014 کے ہاکی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے پیلی جبکہ 2018 کے ورلڈ کپ میں آسمانی نیلی جرسی استعمال کی تھی۔ ہاکی انڈیا کے مطابق موجودہ تبدیلی تکنیکی ضرورت اور قومی علامتی اہمیت، دونوں عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
دوسری جانب روایتی نیلی جرسی تبدیل کرنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید سامنے آئی ہے۔ سابق بھارتی کپتان ویرین راسکوئینا نے بھی سوال اٹھایا کہ بھارت کی ہاکی کی شناخت نیلی جرسی سے وابستہ ہے اور کیا ارجنٹائن کبھی اپنی روایتی فٹبال جرسی تبدیل کرے گا؟
بعد ازاں ویرین راسکوئینا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤقف کو غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔