محمد رضوان کو میڈیا ٹاک کی اجازت نہ مل سکی، پی سی بی نے دو بار درخواست مسترد کردی
محمد رضوان کو میڈیا ٹاک کی اجازت نہ مل سکی، پی سی بی نے دو بار درخواست مسترد کردی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پاکستانی کرکٹر محمد رضوان کی میڈیا سے گفتگو کرنے کی اجازت کی درخواست پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسترد کردی۔
رضوان کے قریبی ذرائع کے مطابق انہوں نے پی سی بی سے دو مرتبہ میڈیا ٹاک کی اجازت طلب کی، تاہم دونوں بار انہیں اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان لارڈز ٹیسٹ کے بعد ضبط کیے گئے موبائل فون سے متعلق تفصیلات، اپنے اوپر عائد الزامات اور اس معاملے پر اپنے مؤقف کو عوام کے سامنے رکھنا چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق رضوان آئی سی سی کو لکھے گئے خط سے متعلق بھی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے تھے۔
محمد رضوان کا مؤقف تھا کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کا احترام کرتے ہوئے شق 16 کے تحت پی سی بی کے ساتھ باہمی تعاون کے دائرے میں میڈیا سے گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔ شق 4.1 کے مطابق کھلاڑی پی سی بی کی اجازت کے بغیر عوامی بیان نہیں دے سکتا، جبکہ شق 16 میں بورڈ اور کھلاڑی کے درمیان باہمی تعاون کی شق شامل ہے۔