پاکستان اور انگلینڈ آج لاہور میں مدمقابل، شاہین آفریدی 150 وکٹوں کے سنگ میل کے قریب
پاکستان اور انگلینڈ آج لاہور میں مدمقابل، شاہین آفریدی 150 وکٹوں کے سنگ میل کے قریب
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگا، جبکہ کھیل کا آغاز ایک بجے ہوگا۔
پاکستانی ٹیم سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیت چکی ہے۔ بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے تحت قومی ٹیم کے کھلاڑی آج گلابی کٹ پہن کر میدان میں اتریں گے۔
دوسری جانب قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرنے سے صرف ایک وکٹ دور ہیں۔ وہ اب تک 79 ون ڈے میچز میں 149 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ مزید ایک وکٹ حاصل کرتے ہی وہ تیز ترین 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر بن جائیں گے۔
اس سے قبل سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں، جبکہ سابق فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ شائقین کرکٹ کو دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کا انتظار ہے۔