بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ
بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر، حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی تیاری کر لی گئی، جس سے صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے، جس پر 26 نومبر کو سماعت ہوگی۔
درخواست کے مطابق اکتوبر میں مجموعی طور پر 10 ارب 35 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی پیداواری لاگت 111 ارب 29 کروڑ روپے رہی۔ گزشتہ ماہ ڈیزل سے 69 روپے 58 پیسے، فرنس آئل سے 46 روپے 42 پیسے اور ایل این جی سے 28 روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جبکہ ایران سے 31 روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی درآمد کی گئی۔
درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے دوران 37 فیصد بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔
نیپرا کی جانب سے درخواست منظور کیے جانے کی صورت میں بجلی صارفین پر ایک ماہ کے دوران تقریباً 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔