پیٹرول پمپ مالکان کا بڑا مطالبہ،پمپس بند کرنے کا عندیہ
پیٹرول پمپ مالکان کا بڑا مطالبہ،پمپس بند کرنے کا عندیہ
پیٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے منافع کی شرح میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
اختر نواز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کا مارجن موجودہ 1.5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے تاکہ بڑھتے اخراجات کا بوجھ کم ہو سکے۔ انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی ڈیلرز کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور جائز کاروبار کرنے والوں کو بلاجواز تنگ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چیکنگ کے نام پر ہراساں کرنے کے بجائے شفاف نظام قائم کرے اور قوانین کے غلط استعمال سے گریز کرے۔
اختر نواز کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری امن مذاکرات کے باعث فی الحال ہڑتال کا فیصلہ مؤخر کیا گیا ہے، تاہم مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں پیٹرول پمپ ازخود بند ہو سکتے ہیں جس سے ایندھن کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔