پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، امریکا اور ایران سے مذاکرات جاری رکھنے کی امید: اسحاق ڈار
پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، امریکا اور ایران سے مذاکرات جاری رکھنے کی امید: اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات خطے اور دنیا میں پائیدار امن کیلئے نہایت اہم ہیں، اور امید ہے کہ دونوں فریق مثبت انداز میں اس عمل کو جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وفود پاکستان آئے اور یہاں کئی مثبت اور تعمیری مذاکراتی ادوار ہوئے، جو تقریباً 24 گھنٹے تک جاری رہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کیا اور آئندہ بھی امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ اسحاق ڈار کے مطابق وزیر اعظم اور عسکری قیادت نے بھی کشیدگی کم کرنے کیلئے اہم کوششیں کیں۔
نائب وزیر اعظم نے مذاکرات میں شریک دونوں ممالک کے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔