یورپی سروے: امریکا کو چین سے بڑا خطرہ سمجھنے کا رجحان بڑھ گیا
یورپی سروے: امریکا کو چین سے بڑا خطرہ سمجھنے کا رجحان بڑھ گیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)یورپ میں کیے گئے ایک تازہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یورپ مخالف بیانات کے بعد عوامی رائے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، اور اب زیادہ لوگ امریکا کو چین کے مقابلے میں بڑا خطرہ سمجھنے لگے ہیں۔
سروے کے مطابق یورپی یونین کے چھ ممالک میں مجموعی طور پر 36 فیصد افراد نے امریکا کو بڑا خطرہ قرار دیا، جبکہ 29 فیصد نے چین کو خطرہ سمجھا۔
ملکی سطح پر نتائج میں واضح فرق دیکھا گیا۔ اسپین میں 51 فیصد، اٹلی میں 46 فیصد، بیلجیم میں 42 فیصد اور جرمنی میں 30 فیصد افراد نے امریکا کو بڑا خطرہ قرار دیا۔
دوسری جانب فرانس میں 43 فیصد افراد نے چین کو جبکہ 37 فیصد نے امریکا کو خطرہ قرار دیا، جبکہ پولینڈ میں صرف 13 فیصد نے امریکا اور 37 فیصد نے چین کو بڑا خطرہ سمجھا۔
ماہرین کے مطابق یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یورپ میں عالمی طاقتوں کے بارے میں رائے تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جس میں سیاسی بیانات، خارجہ پالیسی اور بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔