ایران-امریکا مذاکرات میں پیش رفت، پاکستان کی ثالثی اہم قرار
ایران-امریکا مذاکرات میں پیش رفت، پاکستان کی ثالثی اہم قرار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)سینٹ پیٹرزبرگ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم مکمل کامیابی ابھی حاصل نہیں ہو سکی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کیا، جس سے رابطوں اور بات چیت کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔ ان کے مطابق ماضی میں مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجہ امریکا کی غلط پالیسیاں اور حد سے زیادہ مطالبات تھے، جو کسی حتمی معاہدے میں رکاوٹ بنتے رہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ حالیہ ملاقاتوں میں ماضی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مذاکرات کے طریقہ کار اور ممکنہ شرائط پر بھی غور کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، جس میں موجودہ جنگی صورتحال اور خطے کی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایران اور روس کے درمیان قریبی مشاورت جاری ہے اور موجودہ حالات میں باہمی رابطہ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران، روس اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سفارتی سرگرمیاں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔