مہنگا تیل، مشکل معیشت: وزیرِاعظم شہباز شریف کا جمعہ کو نئی قیمتوں کے اعلان کا عندیہ
مہنگا تیل، مشکل معیشت: وزیرِاعظم شہباز شریف کا جمعہ کو نئی قیمتوں کے اعلان کا عندیہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی حالات اور جنگی کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جس کے پیشِ نظر حکومت جمعہ کو نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان کی معاشی پیش رفت متاثر ہوئی ہے اور تیل کا ہفتہ وار درآمدی بل 300 ملین ڈالر سے بڑھ کر 800 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری اقدامات اور توانائی کی بچت کے ذریعے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ عوام کو ریلیف دینے اور سبسڈی جاری رکھنے کیلئے صوبوں سے مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔ وزیرِاعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے مزید بتایا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے تعاون سے 3.5 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ ادا کیا، اور امید ظاہر کی کہ امن کے قیام سے معاشی استحکام اور ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود قوم متحد ہو کر ان چیلنجز پر قابو پا لے گی۔