گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF)، شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں، آندھی اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور موسمی تبدیلیوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، ملبے کے بہاؤ اور مقامی سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا کے علاقے زیادہ خطرے میں ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مقامی آبادی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں، جبکہ پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلی یا آواز کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ مویشیوں اور ضروری سامان کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل کیا جائے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطہ رکھا جائے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ہنگامی ادارے 24 گھنٹے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔