ایران کا مؤقف نرم، مذاکرات کی نئی راہ: وال اسٹریٹ جرنل کا دعویٰ
ایران کا مؤقف نرم، مذاکرات کی نئی راہ: وال اسٹریٹ جرنل کا دعویٰ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ناکہ بندی ختم کرنے کی اپنی سخت شرط سے جزوی طور پر دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے اپنی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کا محاصرہ ختم کرنے کی ضمانت دے تو مذاکرات کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے ذریعے امریکا کو بھجوائی گئی نئی تجاویز میں جوہری اور میزائل پروگرام پر بات چیت فی الحال مؤخر رکھی گئی ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ جوہری پروگرام پر مذاکرات کے بدلے امریکا کو اس پر عائد پابندیوں میں نرمی کرنا ہوگی۔
اخبار کے مطابق ایران اگلے ہفتے پاکستان میں مذاکرات کے آئندہ دور کے لیے بھی آمادہ ہو گیا ہے، جبکہ ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے پاکستان کو تجاویز بھیجنے کی تصدیق بھی کی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی نئی تجاویز پر عدم اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران نے آبنائے ہرمز کی امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کو مذاکرات کی بنیادی شرط قرار دیا تھا۔