ایران کا امریکا کو انتباہ: ٹرمپ کے لیے ’مشکل انتخاب‘، کشیدگی میں اضافہ
ایران کا امریکا کو انتباہ: ٹرمپ کے لیے ’مشکل انتخاب‘، کشیدگی میں اضافہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)اسلامی انقلابی گارڈ کور کے انٹیلی جنس ونگ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے لیے فیصلہ سازی کے آپشنز محدود ہو چکے ہیں اور اسے ایران کے حوالے سے ایک مشکل انتخاب کا سامنا ہے۔
ایرانی ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دو راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا: یا تو ایک ’ناممکن فوجی آپریشن‘ یا پھر ایران کے ساتھ ایک ’خراب معاہدہ‘۔ یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران نے امریکا کو اپنے بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے ایک ڈیڈ لائن بھی دی ہے، تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ناکہ بندی برقرار رہی تو صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔
انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھی امریکا کے خلاف لہجے میں تبدیلی آ رہی ہے اور چین، روس اور یورپ کی جانب سے واشنگٹن کے مؤقف پر تنقید میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ فوجی یا سفارتی فیصلے کے عالمی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔