پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ حتمی مرحلے میں، ملکیت 25 مئی تک نجی کنسورشیم کو منتقل ہونے کا امکان
پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ حتمی مرحلے میں، ملکیت 25 مئی تک نجی کنسورشیم کو منتقل ہونے کا امکان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)حکومت نے قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کا عمل تیز کرتے ہوئے ملکیت رواں ماہ ہی نجی شعبے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کو عارف حبیب کنسورشیم کے حوالے کرنے کی تاریخ 25 مئی تک مقرر کی گئی ہے۔ نجکاری کمیشن پاکستان کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ کنسورشیم نے ایئرلائن کے باقی 25 فیصد حصص بھی خرید لیے ہیں۔
خط کے مطابق پی آئی اے کی منتقلی معاہدے کی شرائط (کنڈیشن پریسڈینٹس) پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی، جبکہ نجکاری کمیشن فرسٹ کلوزنگ ڈیٹ کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
معاہدے کے مطابق عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کو مجموعی طور پر 180 ارب روپے میں خریدا ہے، جس میں سے 55 ارب روپے حکومت کو حاصل ہوں گے جبکہ ایک بڑی رقم ایئرلائن میں بطور نئی سرمایہ کاری (فریش ایکویٹی) دوبارہ لگائی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نئی انتظامیہ ایک سال تک پی آئی اے کے کسی بھی ملازم کو فارغ نہیں کر سکے گی، جسے ملازمین کے تحفظ کی شق قرار دیا جا رہا ہے۔