خطے میں کشیدگی: جنگ بندی کیلئے خفیہ سفارتکاری تیز، امریکا، پاکستان اور ایران کے درمیان اہم رابطے
خطے میں کشیدگی: جنگ بندی کیلئے خفیہ سفارتکاری تیز، امریکا، پاکستان اور ایران کے درمیان اہم رابطے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پسِ پردہ سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور ممکنہ جنگ بندی کیلئے اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔
عرب نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا، پاکستان اور ایران کے درمیان بیک وقت رابطے جاری ہیں، جہاں مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ یہ مذاکرات واشنگٹن، اسلام آباد اور تہران کے درمیان ہو رہے ہیں، جن میں اہم نکات، شرائط اور ممکنہ ریڈ لائنز پر تفصیلی گفتگو جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی حکام اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ کسی بھی معاہدے سے قبل ایران کے جوہری پروگرام کو ایجنڈے میں سرفہرست رکھا جائے، جبکہ ایرانی قیادت کا مؤقف ہے کہ پہلے ان کے سمندری راستوں پر عائد پابندیاں اور ناکہ بندی ختم کی جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں، تاہم صورتحال بدستور نازک ہے اور کسی بھی غیر متوقع واقعے سے کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر سکتی ہے۔
مزید برآں، سفارتی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں بھی جاری ہیں کہ اسرائیل اور امریکا ایک محدود دورانیے کی ممکنہ فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں، جس کا مقصد ایران کو اپنی شرائط کے مطابق مذاکرات کی میز پر لانا ہو سکتا ہے۔