موسم گرما کی آؤٹ لک جاری، جنوبی علاقوں میں کم بارش، ہیٹ ویو اور سیلابی خدشات کا امکان
موسم گرما کی آؤٹ لک جاری، جنوبی علاقوں میں کم بارش، ہیٹ ویو اور سیلابی خدشات کا امکان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے رواں سال مئی، جون اور جولائی کے لیے موسمیاتی آؤٹ لک جاری کرتے ہوئے ملک بھر میں مختلف موسمی اثرات اور خطرات کی پیشگوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں معمول سے کم بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے خریف کی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں اضافی بارشوں کے باعث پانی کے ذخائر بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جنوبی پنجاب اور سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آندھی، گرد آلود طوفان اور ژالہ باری جیسے موسمی واقعات فصلوں، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھلنے کی رفتار تیز ہونے اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ موسمی شدت کے باعث کیڑوں اور بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ڈینگی سمیت ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔