پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر، قلیل مدتی افراطِ زر 14.52 فیصد تک پہنچ گیا
پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر، قلیل مدتی افراطِ زر 14.52 فیصد تک پہنچ گیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک) Pakistan Bureau of Statistics کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں قلیل مدتی مہنگائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں 14 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (SPI) میں سالانہ بنیادوں پر 14.52 فیصد اضافہ سامنے آیا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر بھی SPI میں 0.47 فیصد اضافہ ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سخت مالیاتی پالیسی اور معاشی سست روی کے باوجود مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام شہریوں کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ عوام حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام قرار دے رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 64.23 فیصد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 61.61 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح آٹے کی قیمت 57.56 فیصد، کم ترین بجلی صارفین کے بل 52.58 فیصد، ایل پی جی 48.34 فیصد، پیاز 50.06 فیصد اور ٹماٹر 40.66 فیصد مہنگے ہوئے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن، بجلی اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔