اسلام آباد ایچ نائن اتوار بازار میں آتشزدگی، سینکڑوں اسٹالز جل کر خاکستر
اسلام آباد ایچ نائن اتوار بازار میں آتشزدگی، سینکڑوں اسٹالز جل کر خاکستر
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ نائن میں قائم اتوار بازار میں لگنے والی آگ کے باعث سینکڑوں اسٹالز جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ مجموعی طور پر 380 دکانیں متاثر ہوئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اتوار بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گارمنٹس اور جوتوں کے متعدد اسٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر قابو پا لیا گیا، جبکہ ریسکیو کارروائی میں 13 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ کے دوران بازار میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور متعدد دکاندار اپنا قیمتی سامان محفوظ نہ کر سکے، جس کے باعث بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی سے بڑی تعداد میں گارمنٹس اور جوتوں کے اسٹالز مکمل طور پر جل گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دکانوں میں موجود بیٹریاں پھٹنے سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔