پمز اسپتال کی نرسری میں ہولناک آتشزدگی، 15 نومولود جاں بحق، وزیراعظم کا نوٹس
پمز اسپتال کی نرسری میں ہولناک آتشزدگی، 15 نومولود جاں بحق، وزیراعظم کا نوٹس
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اسلام آباد: پمز اسپتال کی ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر نرسری میں صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 15 نومولود جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بچے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ مبینہ طور پر ایئر کنڈیشن کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد لگی اور انتہائی تیزی سے پھیل گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا، جبکہ آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت آئی سی یو میں ڈاکٹرز اور عملہ موجود تھا، تاہم آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہوگئی۔
دوسری جانب غم سے نڈھال والدین نے اسپتال انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں عملہ موجود نہیں تھا اور این آئی سی یو کا دروازہ بھی لاک تھا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ پمز اسپتال کے ایم سی ایچ وارڈ کو سیل کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔