افریقہ کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد دینے کے لیے عالمی سطح پر مزید تعاون کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

0

Berlin, Germany - November 04: Antonio Guterres, High Commissioner for Refugees of UNHCR, attends a press conference in german foreign office on November 04, 2015 in Berlin, Germany. (Photo by Michael Gottschalk/Photothek via Getty Images)

نیویارک (ذیشان شمسی ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اس بات پر زور دیا ہے کہ افریقہ کو پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کے حصول میں مدد دینے کے لیے عالمی سطح پر مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نیویارک میں پانچویں سالانہ گلوبل افریقہ بزنس انیشی ایٹو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے افریقہ کی بڑھتی ہوئی معاشی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ کے پاس دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی افرادی قوت، دنیا کے تقریباً 30 فیصد معدنی وسائل اور عالمی شمسی توانائی کی صلاحیت کا 60 فیصد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ تقریباً 3 کھرب ڈالر کی مارکیٹ کا موقع فراہم کرتا ہے، جہاں قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، تفریح اور مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) کے شعبوں میں مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے افریقہ میں زیادہ سرمایہ کاری، مضبوط شراکت داری اور نجی شعبے کے مالی وسائل کو زیادہ متحرک کرنے پر زور دیتے ہوئے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیاکہ افریقہ کے قدرتی وسائل سے مقامی سطح پر زیادہ فائدہ پہنچے اور عوام کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، موسمیاتی مالی معاونت میں اضافے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے