پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا
پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 12، 18 مارچ سے 2 مئی 2027ء تک کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی ایس ایل کی ونڈو گورننگ کونسل اور فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کے بجائے پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کی، جو ریکارڈ حاضری تھی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی، جس میں سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ دیکھنے کو ملے۔ انہوں نے ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027ء میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے۔ ان کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے اور آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتا تھا۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔