جنگ بندی کی امید، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، سونا مہنگا اور روپیہ مزید مضبوط
جنگ بندی کی امید، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، سونا مہنگا اور روپیہ مزید مضبوط**
امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی سے متعلق اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے مثبت توقعات کے باعث عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں بہتری کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ جنگی صورتحال میں ٹھہراؤ اور خام تیل کی قیمتوں کے استحکام نے ایشیائی مارکیٹوں سمیت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی جمعے کے روز تیزی پیدا کی۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 66 ہزار اور ایک لاکھ 67 ہزار پوائنٹس کی دو اہم سطحیں عبور کرلیں۔ تیزی کے باعث 88.21 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ مجموعی مارکیٹ ویلیو میں 2 کھرب 8 ارب روپے سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1673.86 پوائنٹس کے اضافے سے 167191.37 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 30 ڈالر مہنگا ہو کر 4753 ڈالر تک پہنچ گیا۔ اس کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی نظر آئے، جہاں فی تولہ سونا 3 ہزار روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 97 ہزار 662 روپے جبکہ 10 گرام سونا 2 ہزار 572 روپے اضافے سے 4 لاکھ 26 ہزار 664 روپے تک جا پہنچا۔
ادھر زرمبادلہ مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی مضبوطی کا سلسلہ جاری رہا۔ انٹربینک میں ڈالر کی قدر ایک پیسے کمی کے بعد 279 روپے 01 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 14 پیسے کمی کے بعد 280 روپے 18 پیسے پر بند ہوئی۔