پٹرول مزید سستا ہونے کا امکان، حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کا عندیہ
پٹرول مزید سستا ہونے کا امکان، حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کا عندیہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی تیاری شروع کر دی ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں پٹرول بھی سستا کر دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کراچی چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ جمعہ کو پٹرول کی قیمت میں کمی کا فیصلہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی صورتحال کو سامنے رکھ کر کیا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ حالیہ جنگ بندی کے اثرات مثبت رہے ہیں، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچا ہے، اور حکومت اس موقع کو معاشی استحکام کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
وزیر مملکت کے مطابق لائٹ ڈیزل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی کمی کی جا چکی ہے، جس سے مختلف شعبوں کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان چار سال بعد دوبارہ عالمی یوروبانڈ مارکیٹ میں داخلے کے قابل ہوا ہے، جو ایک اہم معاشی پیش رفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، اور ان کے دورے کا مقصد تاجروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کا حل تلاش کرنا ہے۔