واشنگٹن فائرنگ واقعہ: فیفا ورلڈکپ 2026 کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے
واشنگٹن فائرنگ واقعہ: فیفا ورلڈکپ 2026 کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنانے والے واشنگٹن میں ہائی پروفائل فائرنگ واقعے نے فیفا ورلڈکپ 2026 کی میزبانی کے حوالے سے امریکا کی سیکیورٹی پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ واقعہ واشنگٹن ہلٹن ہوٹل میں پیش آیا، جہاں ایک مسلح حملہ آور نے سیکیورٹی چیک پوائنٹ عبور کرنے کی کوشش کی اور ایک اہلکار کو زخمی بھی کیا، تاہم وہ بعد ازاں پولیس کی کارروائی میں قابو سے باہر رہا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اسے سیکیورٹی کی سنگین ناکامی قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر اعلیٰ سطحی شخصیات محفوظ نہیں تو بڑے عالمی ایونٹس میں کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کیسے یقینی بنائی جائے گی۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے باوجود ورلڈ کپ کی تیاریوں پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ امریکا کو انسداد دہشت گردی اور بڑے ایونٹس کی سیکیورٹی کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
تاہم ناقدین نے امریکا میں بڑھتے ہوئے گن کلچر اور فائرنگ کے واقعات کو عالمی سطح پر تشویش ناک رجحان قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جس سے ممکنہ طور پر ورلڈکپ کے دوران سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔