آبنائے ہرمز فوری کھولی جائے، پاکستان کا مؤقف — ایران امریکا مذاکرات جاری، دفتر خارجہ

0
آبنائے ہرمز فوری کھولی جائے، پاکستان کا مؤقف — ایران امریکا مذاکرات جاری، دفتر خارجہ

آبنائے ہرمز فوری کھولی جائے، پاکستان کا مؤقف — ایران امریکا مذاکرات جاری، دفتر خارجہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور سامان کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، جسے فوری طور پر کھولا جانا چاہیے، اور پاکستان اس مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کے بعد شروع ہوئے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک نے پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دیا اور مذاکرات کا عمل تاحال جاری ہے، جبکہ پس پردہ رابطے اور سہولت کاری بھی جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو فریقین کی جانب سے اعتماد حاصل ہے، اسی لیے مذاکرات کی تفصیلات عوامی سطح پر شیئر نہیں کی جا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور امید ہے کہ امن کی طرف پیش رفت ہوگی۔

آبنائے ہرمز سے متعلق بیان پر وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عمومی تناظر میں دیا گیا تھا اور اسے امریکا اور ایران کے باہمی الزامات سے جوڑنا درست نہیں۔

علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ لداخ میں نئے اضلاع کے قیام کے فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ جموں و کشمیر یا لداخ کی حیثیت میں کسی بھی تبدیلی کو پاکستان مسترد کرتا ہے۔

کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کئی افراد سیاحتی ویزے پر غیرقانونی طور پر ملازمت کر رہے تھے یا زائد المعیاد ویزوں پر مقیم تھے، جبکہ کچھ افراد آن لائن فراڈ سے متعلق سرگرمیوں میں بھی ملوث پائے گئے۔

صومالیہ میں پیش آنے والے واقعے پر ترجمان نے کہا کہ 21 اپریل کو بحری قزاقوں نے ایک بحری ٹینکر کو یرغمال بنایا جس میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ حکومت پاکستان اس معاملے پر صومالی حکام سے رابطے میں ہے اور مغویوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے ویزا اور قونصلر امور پر بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے