عیدالاضحیٰ پر عارضی جھولوں پر پابندی، پی ایچ اے نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے
عیدالاضحیٰ پر عارضی جھولوں پر پابندی، پی ایچ اے نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پی ایچ اے کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق پارکس میں لگائے جانے والے مستقل جھولوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہر جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترنا ضروری ہوگا۔
محکمہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
عید کے ایام میں پی ایچ اے کے اہلکار خصوصی ڈیوٹی پر تعینات رہیں گے۔ پارکس میں صفائی ستھرائی اور شہری سہولتوں کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ انتظامی امور مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں اور شہریوں کو محفوظ اور بہتر تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔