انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا انکشاف: آبنائے ہرمز میں کشیدگی، 2 ہزار جہاز پھنس گئے
انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا انکشاف: آبنائے ہرمز میں کشیدگی، 2 ہزار جہاز پھنس گئے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)عالمی بحری تنظیم انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) نے انکشاف کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باعث تقریباً 2,000 جہاز پھنس چکے ہیں، جن پر سوار 20,000 کے قریب ملاح شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ صورتحال امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کے بعد پیدا ہوئی، جس سے خطے میں سیکیورٹی حالات مزید خراب ہو گئے۔ متاثرہ جہازوں میں تیل و گیس کے ٹینکرز، کارگو شپ، بلک کیریئرز اور کروز لائنرز شامل ہیں۔
آئی ایم او کے مطابق کشیدگی کے آغاز کے بعد سے اب تک آبنائے ہرمز میں کم از کم 19 حملے ہو چکے ہیں، جن کے نتیجے میں 10 ملاح ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ سمندر میں پھنسے جہازوں پر خوراک، ایندھن اور پانی کی شدید قلت پیدا ہو رہی ہے۔
انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ کشیدگی کم کی جائے تاکہ پھنسے ہوئے ملاحوں کو محفوظ طریقے سے نکالا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو عالمی تجارت، توانائی کی فراہمی اور سمندری نقل و حمل پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔