پاکستان کا تجارتی خسارہ 20 فیصد سے زائد بڑھ گیا، درآمدات میں اضافہ، برآمدات میں کمی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان میں رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران تجارتی خسارہ 20.28 فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر 31 ارب 98 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 24 ارب 59 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق اس دوران برآمدات میں 6.25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور ملک نے 25 ارب 21 کروڑ ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں۔ اس کے برعکس درآمدات میں 6.94 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد درآمدی حجم 57 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اسی عرصے میں برآمدات کا حجم 26 ارب 89 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بھی بتایا گیا ہے، جس پر معاشی ماہرین کی جانب سے مزید وضاحت کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت پر دباؤ بڑھا سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔