ہم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنے کا ہدف رکھا ہے، ہر کنڈیشن کے لیے تیار ہیں: شاہین شاہ آفریدی
ہم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنے کا ہدف رکھا ہے، ہر کنڈیشن کے لیے تیار ہیں: شاہین شاہ آفریدی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہر ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں مضبوط ہوتی ہے، تاہم اصل بات کھلاڑیوں کی تیاری اور حکمت عملی کی ہوتی ہے۔
ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا یہ سیزن پاکستان کے لیے نسبتاً طویل ہے اور امید ہے کہ ٹیم کو اچھی کنڈیشنز ملیں گی جن میں وہ بہتر کارکردگی دکھا سکے گی۔
شاہین شاہ آفریدی کے مطابق قومی ٹیم کا فوکس صرف ایک سیریز نہیں بلکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ پر ہے، اور بڑا ہدف اس کے فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہے کہ ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر فائنل تک پہنچنے کا راستہ بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش نے ماضی میں ہوم کنڈیشنز، خاص طور پر اسپن فرینڈلی وکٹوں پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، لیکن پاکستان نے بھی مختلف حالات کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم گرین اور اسپن دونوں طرح کی وکٹوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
شاہین آفریدی نے اعتماد ظاہر کیا کہ اگر ٹیم اپنی منصوبہ بندی کے مطابق کھیلی تو وہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مضبوط دعوے کے ساتھ آگے بڑھ سکتی ہے۔