این ڈی ایم اے کا الرٹ: 12 سے 17 مئی تک بارشوں اور اچانک سیلاب کا خدشہ

0
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، کراچی میں گرمی برقرار

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، کراچی میں گرمی برقرار

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسکNational Disaster Management Authority (این ڈی ایم اے) نے 12 سے 17 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔ ادارے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ 12 سے 16 مئی کے دوران بالائی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، غذر، ہنزہ، نگر اور اسکردو سمیت مختلف علاقوں میں مقامی سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، بہاولپور اور دیگر شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو اور میرپورخاص میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور تنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور غیر مستحکم ڈھلوانوں کے قریب کیمپنگ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ہنگامی انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے