وزن کم کرنے والی ادویات مائگرین اور دمے میں بھی مفید قرار
وزن کم کرنے والی ادویات مائگرین اور دمے میں بھی مفید قرار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)کی میں منعقد ہونے والی European Congress on Obesity میں پیش کی گئی نئی تحقیقات کے مطابق وزن کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی GLP-1RA ادویات نہ صرف موٹاپے میں کمی لاتی ہیں بلکہ مائگرین اور دمے جیسی بیماریوں میں بھی فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ یہ ادویات استعمال کرنے والے افراد میں دمے کے اٹیک کم دیکھے گئے جبکہ انہیلر کے استعمال کی ضرورت بھی پہلے کے مقابلے میں کم ہوئی۔
دوسری جانب ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ Wegovy استعمال کرنے والی خواتین میں مائگرین کی دواؤں کے نسخوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دوا سر درد کی شدت اور بار بار ہونے میں بھی کمی لا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ان نتائج نے اس بات کے سائنسی شواہد کو مزید مضبوط کیا ہے کہ GLP-1RA ادویات صرف وزن گھٹانے تک محدود نہیں بلکہ کئی دیگر طبی مسائل میں بھی مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ میں یہ ادویات پہلے ہی دل کے دورے اور فالج کے خطرات کم کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں، جبکہ نئی تحقیق نے ان کے ممکنہ طبی فوائد کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔