وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ، اقوامِ متحدہ کا انتباہ
وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ، اقوامِ متحدہ کا انتباہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اقوامِ متحدہ کے حکام نے وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے دو شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کاراکس میں موجود اقوامِ متحدہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ زلزلوں سے ڈھائی ہزار عمارتیں متاثر یا مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں، جبکہ حقیقی ہلاکتیں اب تک سامنے آنے والے سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے عہدیدار کے مطابق ممکنہ ہلاکتوں کے پیش نظر دس ہزار لاشوں کے لیے تھیلے حاصل کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی ارضیاتی ادارے نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق اب تک ایک ہزار 719 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، پانچ ہزار 34 زخمی ہیں، جبکہ 15 ہزار 866 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
ادھر امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور زلزلے کے 106 گھنٹے بعد 21 سالہ نوجوان کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔ چین نے متاثرین کے لیے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اقوامِ متحدہ کے بچوں کے ادارے کے مطابق 18 لاکھ افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔