پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری، ایس اینڈ پی گلوبل نے حکومتی اصلاحات کو سراہا
پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری، ایس اینڈ پی گلوبل نے حکومتی اصلاحات کو سراہا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، کریڈٹ پروفائل اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد نے پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، قرضوں کی پائیداری اور معاشی استحکام کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
وزیرِ خزانہ نے وفد کو بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے بعد ملک کے بنیادی معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق کم مہنگائی، زرمبادلہ کے بڑھتے ذخائر، مضبوط بیرونی شعبہ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ معاشی استحکام کی اہم وجوہات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کم مالیاتی خسارہ، ریکارڈ پرائمری سرپلس اور بہتر قرضہ جاتی انتظام نے مالیاتی پائیداری کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ وفد کو ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری، گورننس اور مالیاتی نظم و نسق میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلسل معاشی اصلاحات اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔