امریکا کے ایران پر مسلسل نویں رات حملے، تہران کے جوابی کارروائیوں کے دعوے
امریکا کے ایران پر مسلسل نویں رات حملے، تہران کے جوابی کارروائیوں کے دعوے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات بھی حملے جاری رکھتے ہوئے میزائل و ڈرون لانچ سائٹس سمیت متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران نے کئی امریکی ڈرونز اور کروز میزائل مار گرانے اور مختلف مقامات پر جوابی کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس کے علاوہ مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
سینٹکام نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوج کمانڈر اِن چیف کی ہدایات پر ایران کو جواب دہ ٹھہرا رہی ہے اور اس کی فورسز مکمل طور پر چوکس، اپنے مشن پر مرکوز اور ہر قسم کی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق تبریز، چابہار، کنارک، بندر ماہشہر اور بندر امام خمینی سمیت پانچ شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد امریکی ڈرونز اور کروز میزائل تباہ کر دیے، جبکہ صوبہ لرستان سے دشمن کے اہداف کی جانب میزائلوں کی نئی لہر بھی داغی گئی۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ اردن کے عقبہ ایئرپورٹ پر موجود امریکی طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکر دھماکوں سے تباہ ہو گئے، جبکہ شام کے علاقے التنف میں دشمن کے کمانڈ سینٹر پر بھی حملہ کیا گیا، جسے شہید فوجیوں کے خون کا بدلہ قرار دیا گیا۔